سیدال خان سے پارلیمنٹرینز اور ملک کے مختلف علاقوں کے نمائندہ وفود کی ملاقاتیں، ملکی سیاسی، اقتصادی، سیکیورٹی و بین الصوبائی امور پر گفتگو

بدھ 30 جولائی 2025 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف سینیٹر سیاسی و پارلیمانی رہنماؤں اور ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نمائندہ وفود نے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں سینیٹر ندیم احمد بھٹو، سینیٹرعبدالشکور خان، سینیٹر نور الحق قادری، سینیٹر دنیش کمار،علی اکبر گجر، بلوچستان کے صوبائی وزیر اسفندیار کاکڑ اور وڈیرہ شہیرین خان مری سمیت دیگر اہم رہنما شامل تھے۔

ملاقات کے دوران ملکی سیاسی منظرنامے، معاشی چیلنجز، قومی سلامتی اور بالخصوص ملک بھر میں امن و ترقی کے حوالے سے مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اسکیموں، امن و امان کی صورتحال اور وسائل کی منصفانہ تقسیم پر اپنی تجاویز پیش کیے۔

(جاری ہے)

قائمقام چیئرمین سینیٹ نے وفود کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایوانِ بالا نہ صرف تمام وفاقی اکائیوں کی مساوی نمائندگی کا ضامن ہے بلکہ یہ ایک ایسا مؤثر پلیٹ فارم ہے جہاں قومی مسائل پر اتفاق رائے پیدا کرتا ہے اور ہر علاقے کی آواز کو یکساں اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کے پائیدار حل تلاش کیے جائیں، خاص طور پر وہ علاقے جو ماضی میں نظر انداز کیے گئے۔ انہوںنے کہاکہ بین الصوبائی ہم آہنگی، پارلیمانی شفافیت اور سیاسی مکالمے کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے، تاکہ ایک متحد، خوشحال اور مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔ملاقات کے اختتام پر سیدال خان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مشاورتی اجلاس نہ صرف عوامی مسائل کو اجاگرکرتے ہیں بلکہ ان کے حل کے لیے باہمی اتفاق رائے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔