اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر ناصر منصور قریشی کا ڈھاکہ چیمبر آف کامرس سے خطاب، بنگلہ دیشی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

بدھ 30 جولائی 2025 18:51

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران ڈھاکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ڈی سی سی آئی) سے خطاب کیا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے بدھ کے روز یہاں سے جاری پریس ریلیز کے پاکستان کی متحرک اور متنوع معیشت پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر ناصر منصور قریشی نے بنگلہ دیشی تاجروں کو پاکستان میں ٹیکسٹائل، آئی ٹی، زراعت، قابل تجدید توانائی، فوڈ پروسیسنگ، انفراسٹرکچر، فارماسیوٹیکل، کان کنی اور تعمیرات سمیت اہم شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ویزا فری رسائی کی حالیہ پیشرفت کا خیرمقدم کیا اور پاکستان-بنگلہ دیش آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو جلد ا زجلد مکمل کرنے اور تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری کے بہائو کو تقویت دینے کے لیے براہ راست فضائی رابطوں کو بڑھانے پر زور دیا۔قبل ازیں ڈی سی سی آئی کے صدر تسکین احمد نے دیگر ممبران کے ہمراہ آئی سی سی آئی کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور علاقائی اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے فعال کردار کو سراہا۔

بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ تعاون کے ایک نئے دور کے لیے پرعزم ہے جو تجارت، باہمی ترقی اور علاقائی ہم آہنگی کو ترجیح دیتا ہے۔صدر تسکین احمد نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط، باہمی تعاون اور نالج شیئرنگ کی اہمیت پر زور دیا۔ میٹنگ آئی سی سی آئی اور ڈی سی سی آئی کے صدور کے درمیان شیلڈز کے تبادلے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی ۔

بعد ازاں پاکستانی اور بنگلہ دیشی کاروباریوں کے درمیان بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) میٹنگز ہوئیں۔ مندوبین نے ممکنہ مشترکہ منصوبوں کی تلاش اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔قابل ذکر شرکا میں آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر روحیل انور بٹ، کونسل ممبر چوہدری محمد مسعود، ڈی سی سی آئی کے نائب صدر محمد سلیم سلیمان سمیت دیگر سینئر نمائندے شامل تھے۔