پالیسی ریٹ میں بتدریج کمی کر کے سنگل ڈیجٹ تک لایا جائے، افتخار علی ملک کا مطالبہ

بدھ 30 جولائی 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ پالیسی ریٹ میں بتدریج کمی کر کے اسے سنگل ڈیجٹ تک لائے۔انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ کم کرنے سے بزنس خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سستے قرضوں تک رسائی حاصل ہو سکے گی جس سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ، روزگار کے مواقع پیدااور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پالیسی سازوں پر زور دیا کہ وہ مقامی صنعتوں کی ترقی اور معاشی استحکام کو فروغ دینے کے لیے کاروبار دوست مالیاتی پالیسیاں متعارف کروائیں۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں بتدریج کمی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ ۔انہوں نے کہا کہ آسان قرضوں سے مینوفیکچرنگ، زراعت اور برآمدات جیسے شعبوں کو فروغ ملے گا، پالیسی ریٹ کم کرنے سے پیداواری لاگت میں کمی آئے اور کاروبار میں جدت لانے میں مدد ملے گی۔