ماضی کے مقبول ڈرامے’’ سنو چندا ‘‘کا تیسرا سیزن بنائے جانے کا امکان

امید ہے آئندہ رمضان المبارک تک سنو چندا کا تیسرا سیزن تیار کرلیا جائے گا ،شائقین فرحان سعید اور اقرا عزیز کو ایک ساتھ دیکھ سکیں گے

جمعرات 31 جولائی 2025 11:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)اداکار و گلوکار فرحان سعید نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے ماضی کے مقبول ڈرامے سنو چندا کے تیسرے سیزن کا اسکرپٹ لکھا جا رہا ہے، جس کے بعد شائقین کو امید ہے کہ جلد ہی انہیں پسندیدہ ڈرامے کا نیا سیزن دیکھنے کو ملے گا۔سنو چندا کا شمار پاکستان کے مقبول ترین ڈراموں میں ہوتا ہے، یہ ڈراما ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا، جس کا پہلا سیزن 2018 اور دوسرا سیزن 2019 میں پیش کیا گیا تھا۔

ڈرامے کی کہانی فرحان سعید اور اقرا عزیز کی خاندانی شادی اور اس میں رکاوٹ کے گرد گھومتی ہے، تاہم ڈرامے میں دیگر کہانیاں بھی اچھے انداز میں دکھائی گئیں۔شائقین کی جانب سے سنو چندا کے دونوں سیزنز کو کافی پسند کیا گیا، ڈرامے کو رمضان ڈراما کے طور پر نشر کرنے کی وجہ سے بھی کافی شہرت ملی۔

(جاری ہے)

کچھ عرصے سے چہ مگوئیاں تھیں کہ سنو چندا کا تیسرا سیزن بھی بنایا جائے گا اور اب فرحان سعید نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اس کا اسکرپٹ لکھے جانے کی تصدیق کردی۔

فرحان سعید نے اسٹریمنگ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے سوالوں کے جوابات دیے، جہاں ان سے سنو چندا کے تیسرے سیزن سے متعلق بھی پوچھا گیا۔اداکار و گلوکار نے کہا کہ ڈرامے کے تیسرے سیزن سے متعلق بہت ساری باتیں درست نہیں، زیادہ تر افراہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔فرحان سعید کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈرامے کا اسکرپٹ نہیں پڑھا لیکن انہیں معلوم ہے کہ تیسرے سیزن کا اسکرپٹ لکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ انہیں یہ معلوم نہیں کہ سنو چندا کا تیسرا سیزن بنایا جائے گا یا نہیں، البتہ انہوں نے اس کی کہانی لکھے جانے کے عمل کی تصدیق کی۔فرحان سعید نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ انہیں سنو چندا کے تیسرے سیزن سے متعلق تمام معلومات ہے اور وہ اس کا حصہ ہوں گے۔ڈراما شائقین کو امید ہے کہ آئندہ رمضان المبارک تک سنو چندا کا تیسرا سیزن تیار کرلیا جائے گا اور وہ ایک بار پھر فرحان سعید اور اقرا عزیز کو ایک ساتھ دیکھ سکیں گے۔