سیالکوٹ پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری،ساغر گینگ سرغنہ سمیت گرفتار

جمعرات 31 جولائی 2025 12:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) سیالکوٹ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف تابڑتوڑ کارروائیاں کرتے ہوئے ساغر گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم کی روک تھام کے لیے جاری آپریشن کے دوران ایس ایچ او تھانہ مرادپور سب انسپکٹر اعجاز الحق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

تھاہ مراد پولیس نے علاقہ میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے سلسلہ میں جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمت عملی کو بروئے کار لاتے ہوئے سیف سٹی کیمراز کی مدد سے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ساغر گینگ کے سرغنہ سمیت دو ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان ماسٹر چابی کے ذریعے شہریوں کی موٹر سائیکلیں گھروں کے باہر اور رش والی جگہوں سے چوری کرتے تھے۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 6 عدد موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں فرحان ولد شہباز سکنہ ہنٹر پورہ سیالکوٹ اور ساغر ولد ویلڈن سکنہ ہنٹر پورہ سیالکوٹ شامل ہیں،پولیس نے ابتدائی تفتیش کے دوران 06 مقدمات ٹریس کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے،دوسری جانب موت کے سوداگر منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران دو مختلف انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں میں خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں چرس برآمد کی گئی ہے۔

پولیس نے ملزمہ یاسمین سے 10 کلو 100 گرام جبکہ ملزم محسن جاوید سے 10 کلو 160 گرام چرس برآمد کی، یوں دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر 20 کلو 260 گرام چرس ضبط کی گئی۔ملزمان نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ وہ دیگر اضلاع سے منشیات لا کر سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے تھانہ مرادپور پولیس کی ان کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے افسران و جوانوں کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ پولیس وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن "ڈرگ فری پنجاب" پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے اور جرائم کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی۔