پہلگام واقعہ سیکورٹی کی واضح ناکامی تھی، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی نہ ہونا افسوسناک ہے، عمر عبداللہ

جمعرات 31 جولائی 2025 14:10

گاندھی نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ پہلگام حملہ سیکورٹی کی واضح ناکامی کے سبب پیش آیا اور اس ناکامی کے ذمہ داروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی جو افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے جو بھارتی ریاست گجرات کے دو روزہ دورے پر ہیں، احمد آباد ایئرپورٹ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے خود اعتراف کیا ہے کہ پہلگام واقعہ انٹیلی جنس اور سیکیورٹی کی ناکامی تھی اور اگر ایسا ہے تو کسی کو تو جوابدہ ہونا چاہیے۔

انہوںنے کہا کہ مودی حکومت نے لوگوں کو یہ کہہ کر گمراہ کرنے کی کوشش کی کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد مقبوضہ جموںوکشمیر میں عسکریت پسندی کا خاتمہ ہو جائے گا تاہم چھ برس گزر گئے عسکریت ابھی بھی جاری ہے۔عمر عبداللہ نے کہا کہ نئی دہلی نے جووعدے کیے تھے وہ تاحال پورے نہیں ہوئے۔