پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے کوئی طاقت اس کو انڈو نہیں کر سکتی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی

جمعرات 31 جولائی 2025 14:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن(ر) عبد الخالق اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے، کوئی طاقت اس کو انڈو نہیں کر سکتی، تعلیم اور صحت کے شعبوں کو اگر کاروبار بنایا گیا تو تباہی کو کوئی نہیں روک سکتا، ہمیں دونوں شعبوں کی بہتری کیلئے خود کام کرنا ہوگا ، ہمارے معاشرے میں خاتون کا پہلا محافظ والد، پھر بھائی، شادی کے بعد شوہر اور پھر بیٹے ہیں ، اسلام نے کسی بھی مذہب سے زیادہ عورت کو تحفظ دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کاروباری افراد کیلئے پائیدار ماحول کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پروفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجہیہ قمر، ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ، سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سائرہ عطاء و دیگر موجود ہے۔

(جاری ہے)

کیپٹن(ر) عبد الخالق اچکزئی نے کہا کہ خواتین کی ترقی ہمارے معاشرے کی اجتماعی ضرورت ہے، جو نمائندگی پاکستان میں خواتین کو حاصل ہے میں نہیں سمجھتا کہ وہ دنیا میں کسی بھی دوسرے جمہوری معاشرے میں خواتین کو حاصل ہے۔ دین اسلام میں خواتین کو جو تحفظ حاصل ہے وہ کسی اور مذہب میں نہیں، ہمارے معاشرے میں خواتین کو والد، بھائی، شادی کے بعد شوہر اور وقت کے ساتھ بچوں کی جانب سے تحفظ حاصل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سرکاری سکولز سے پرائیویٹ سکولز مقابلے کیلئے جدوجہد کررہے تھے وہ نظام دربارہ لانے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے یہ صوبہ ترقی یافتہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام تر مشکلات کے باوجود آگے بڑھے گا تمام اسٹیک ہولڈرز درپیش صورتحال کا جائزہ لیکر مسائل کا حل یقینی بنانے کیلئے سنجیدہ ہیں۔