ترکیہ کا شام کو قدرتی گیس فراہم کرنے کا اعلان

مقصد شام کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے میں مدد کرنا ہے،ترک وزیرتوانائی

جمعرات 31 جولائی 2025 15:40

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)ترکیہ نے آذربائیجان اور قطر کے ساتھ شراکت داری کے منصوبے کے حصے کے طور پر شام کو ہفتے سے قدرتی گیس کی فراہمی شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ چینی میڈیا کے مطابق یہ بات ترک وزیر توانائی الپرسلان بیریکتر نے گزشتہ روز کہی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ ہفتے کو آذربائیجان اور قطر کے ساتھ شراکت داری کے منصوبے کے حصے کے طور پر صوبہ کیلیس کے ذریعے ایک پائپ لائن سیشام کو قدرتی گیس فراہم کرنا شروع کر دے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آذربائیجان کے ساتھ تبادلے کا معاہدہ کیا ہے اور آذربائیجان سے آنے والی گیس صوبہ کیلیس کے راستے شام کے شہر حلب کو برآمد کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شام میں بجلی کی پیداوار کی حمایت کرنا اور ملک کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے میں مدد کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے مئی میں صوبہ کیلیس سے حلب تک پھیلی ہوئی گیس پائپ لائن مکمل کی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ قطر اس منصوبے کے لئے مالی معاونت فراہم کرے گا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ترکیہ شام کو 6 ملین کیوبک میٹر گیس بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس سے تقریبا 1,200 میگا واٹ بجلی کی پیداوار ممکن ہو گی۔انہوں نے کہا کہ یہ گیس شام کے موجودہ پاور پلانٹس میں ایندھن کے طور پر استعمال کی جائے گی۔ اس سے ملک میں روزانہ بجلی کی رسائی تین سے چار گھنٹے سے بڑھ کر 10 گھنٹے ہو سکتی ہے۔ ترک وزیر توانائی نے کہا کہ ترکیہ شام کی توانائی کی فوری ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کے لئے اپنی سپلائی سے 500 میگا واٹ بجلی بھی فراہم کرے گا۔

ترک وزیر نے مزید کہا کہ پہلے استعمال ہونے والی ٹرانسمیشن لائن کو دوبارہ فعال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس لائن کے شامی حصے میں کافی نقصان ہوا ہے۔ ایک بار جب یہ مکمل طور پرآپریشنل ہو جائے گاتو 900 میگا واٹ بجلی شام کو پہنچائی جائے گی، جس سے تقریبا 1.6 ملین گھرانوں کی ضروریات پوری ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :