غزہ کے بے بس لوگوں کی مدد سب کا فرض ہے، اردن

غزہ کے شہری تاریخ کے بدترین المیے سے گذر رہے ہیں، فرمانرواشاہ عبداللہ دوم

جمعرات 31 جولائی 2025 16:00

عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے کہا ہے کہ غزہ کو درپیش انسانی بحران جدید تاریخ کا بدترین المیہ ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اردن اہل غزہ کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہا ہے اور آج بھی امدادی سرگرمیوں کے لیے بھرپور رابطے جاری رکھے ہوئے ہے۔شاہ عبداللہ عمان کے قصر الحسینیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ غزہ اس وقت ایک ایسی انسانی تباہی کا سامنا کر رہا ہے جو جدید تاریخ میں نظیر نہیں رکھتی۔

اردن ہمیشہ اہل غزہ کا سب سے بڑا سہارا رہا ہے اور رہے گا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے فلسطینی بھائیوں کی تکالیف گہرائی سے متاثر کرتی ہیں، کیونکہ یہ صرف جغرافیائی قربت کا معاملہ نہیں بلکہ یہ ہمارے انسانی جذبے کا تقاضا بھی ہے۔

(جاری ہے)

ہمارا ملک ہمیشہ دکھ میں شریک رہا ہے۔شاہ عبداللہ نے مزید کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ موجودہ امدادی سرگرمیاں اہم ہونے کے باوجود اس ہولناک بحران کا مکمل جواب نہیں ہیں۔

پورے خاندان ختم ہو رہے ہیں، بچوں کو بھوکا رکھا جا رہا ہے، مگر ہم اپنی اخلاقی، انسانی اور عرب ذمہ داری کے تحت جو کچھ بھی کر سکتے ہیں، کر رہے ہیں، بنا کسی احسان جتائے اور شکریہ کی توقع کیے بغیر۔ ہم اپنے محتاج پڑوسی کی فریاد کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔انہوں نے واضح کیا کہ غزہ میں قتل عام اور قحط کے سبب اردنی عوام میں جو غصہ پایا جا رہا ہے وہ سب پر عیاں ہے اور میں خود سب سے پہلے اس درد کو محسوس کرتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :