پی ٹی آئی رکن اسمبلی شیخ امتیاز کا معطلی کیخلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی کو احتجاجی خط

جمعرات 31 جولائی 2025 17:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی شیخ امتیاز نے ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے اپنی معطلی کے خلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی کو احتجاجی خط لکھ دیا ۔

(جاری ہے)

شیخ امتیاز نے خط میں کہا کہ مجھے پنجاب اسمبلی اجلاس میں کورم کی نشاندہی پر معطل کیا گیا، کورم کی نشاندہی پر ڈپٹی اسپیکر کا اقدام غیر آئینی، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے ، کورم نشاندہی کے بعدقانونی طور پر گنتی کرنا لازم امر ہوتا ہے جس کی خلاف ورزی کی گئی،مذکورہ اجلاس میں کورم مکمل نہ ہونے کے باوجود چار بلز کی منظوری دی گئی، ڈپٹی اسپیکر کا رویہ آمریت کی بدترین مثال ہے، آرٹیکل 19، 19A اور 88کی خلاف ورزی، اجلاس کی قانونی حیثیت مشکوک ہو گئی ہے۔

خط میں رکن صوبائی اسمبلی شیخ امتیاز نے ڈپٹی اسپیکر کے غیر قانونی اقدام کی واپسی اور بلز دوبارہ پیش کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو خط لکھنے کا اعلان، بلز پر دستخط روکنے کی اپیل بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ کورم کی نشاندہی پر کارروائی روکنا لازم تھا، اصولوں کو روند دیا گیا، ملک میں جنگل کا قانون مگر میں آئین کی پاسداری کروں گا۔