ملتان میں ٹریفک لائسنس بنوانے کیلئے نواں شہر چوک پرجدید ٹیکنالوجی سے مزین کیبن نصب

جمعرات 31 جولائی 2025 18:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ملتان میں ٹریفک لائسنس بنوانے کے خواہشمند شہریوں کیلئے نواں شہر چوک پرجدید ٹیکنالوجی سے مزین کیبن نصب کر دیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق سی پی او صادق علی ڈوگراور سی ٹی او سردار موارہن خان نے جمعرات کو یہاں پہلے ٹریفک کیبن کا افتتاح کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی پی او نے کہا کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے دیگرچوکوں اور چوراہوں پربھی ڈرائیونگ لائسنس بنانے کیلئے کیبن بنائے جائیں گے،جہاں سے شہری موٹر سائیکل کے لائسنس بنوانے اور ڈرائیونگ لائسنس وصول کرنے کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔

صادق علی ڈوگر نے کہا کہ ٹریفک کے متعلقہ تمام سہولیات ان کیبنز کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، جبکہ چوک چوراہوں پر براہ راست لائسنس بنانے کی سہولت بھی مہیا کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

سی ٹی او ملتان نے کہا کہ ٹریفک کنٹرول کے لیے کیبن میں لاوڈ اسپیکر سسٹم بھی نصب ہوگا،جس سے روڈ یوزرز کی غلطی کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ روڈ سیفٹی قوانین کی آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز یہاں 24 گھنٹے ڈیوٹی انجام دیں گے۔سردار موارہن خان نے کہا کہ نواں شہر چوک کے بعد ایس ایس پی چوک، بوسن روڈ، ایل ایم کیو روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بھی مرحلہ وار ٹریفک کیبن متعارف کروائے جائیں گے، یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرعمل میں لایا جا رہا ہے۔