بھارت اور اسرائیل دنیا کے امن کیلئے خطرہ مذہبی جنونیت کو فروغ دے رہے ہیں،سربراہ پاکستان سنی تحریک

امت مسلمہ فلسطین وکشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور ان کی حمایت سے کسی طور بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے،شاداب رضا نقشبندی

جمعرات 31 جولائی 2025 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل دنیا کے امن کیلئے خطرہ مذہبی جنونیت کو فروغ دے رہے ہیں،فلسطین اور کشمیر میں ظلم وجبر اور انسانیت سوز مظالم اسرائیل اور بھارت ایک سکے کے دو رخ ہیں،پاکستان فلسطین اور کشمیر کیلئے عالمی سطح پر آواز بلند کرئے اور اقوام متحدہ میں ویٹو پاور ختم کرنے کیلئے آواز اٹھائے،مسلم ممالک کے ساتھ اقوام متحدہ کا انصاف نہ ہونا بڑی رکاوٹ ویٹو پاور ممالک ہیں،ویٹو پاور ممالک اپنے مفاد کیلئے مظلوموں کے قتل اور ان کے ساتھ ہونیوالے مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،امریکا دنیا میں اپنی سپر میسی قائم کرنے کیلئے مسلم ممالک کو کمزور کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے،امت مسلمہ فلسطین وکشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور ان کی حمایت سے کسی طور بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے،ویٹو ممالک حق وانصاف کی بالادستی کی بجائے ناجاز ریاست قائم کرنیوالوں کا ساتھ دے رہے ہیں،سلامتی کونسل کی فلسطین وکشمیر کے حوالے سے قراردادوں پر عمل نہ ہونا بھی اقوام متحدہ کیلئے سوالیہ نشان ہے،ویٹو پاور کا اختیار مفاد پرستی اور انصاف کی بالادستی میں رکاوٹ ہے اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا،محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ مسلم ممالک بالخصوص او آئی سی اقوام متحدہ پر دبا ڈالیں کے ویٹو پاور ختم کیا جائے،دنیا کے امن اور انصاف وحق کی بالادستی میں ویٹو پاور بڑی رکاوٹ ہیں،انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت کے غزہ میں جنگ بندی کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونا اور اسرائیل کا مزید دھمکیاں دینا کھلی دہشتگردی ہے،بتایا جائے یہ فیٹیف جیسے ادارے صرف مسلم ممالک کیلئے بنائے گئے ہیں اسرائیل،بھارت کو کون لگام دے گا ان کو بلیک لسٹ اور دہشتگرد کیوں قرار نہیں دیا جارہا،انہوں نے کہا کہ غزہ اور کشمیر کے کے مسلمانوں کی نسل کشی کو فوری روکا جائے اور انصاف کے پرچم کو بلند کیا جائے۔