گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے سینیٹ آف پاکستان کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ریونیو کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والاکی ملاقات

جمعرات 31 جولائی 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے سینیٹ آف پاکستان کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ریونیو کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے کامرس سینیٹر انوشہ رحمٰن نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی کو صوبے میں بارڈر ٹریڈز کے فروغ، باروڈ مارکیٹس کے قیام، مقامی تاجروں و صنعتکاروں کو ہمسایہ ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی دینے اور ان کیلئے خاص کر پاک افغان اور پاک ایران بارڈرز پر مزید آسانیاں پیدا کرنے پر زور دیا۔

واضح رہے کہ گورنر مندوخیل نے بلوچستان کے دورے پر آئے ہوئے سینٹرز کے سامنے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحفظات اور مطالبات بھی رکھے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں صوبے کی تازہ ترین سیاسی صورتحال، ہائیر ایجوکیشن کے فروغ اور جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے مسائل بھی زیر بحث آئے۔اس موقع پر سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر محسن عزیز، سینٹر منظور احمد کاکڑ، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری، سینیٹر صمد علی، سینیٹر ذی شان خانزاد، سینیٹر جان محمد بلیدی، سینیٹر رانا محمود الحسن سینیٹر راحت جمالی، سینیٹر بلال خان مندوخیل، سینیٹر سعید الحسن مندوخیل اور صوبائی وزرائ علی حسن زہری، میر عاصم کرد گیلو، عفت مصطفیٰ اور ولی خان مندوخیل بھی موجود تھے۔

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے سینٹرز کی کوئٹہ آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے بہت جلد مثبت نتائج برآمد ہونگے۔بعدازاں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل کی جانب ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔آخر میں مہمانانِ گرامی کے درمیان یادگاری شیلڈز کا بھی تبادلہ ہوا۔