خوشحال قلی پروگرام کے تحت لاہور ریلوے اسٹیشن قلیوں کو بلا سود قرضوں کی تقسیم کا آغاز

جمعہ 1 اگست 2025 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن اور فلاحی ادارے "اخوت" کے درمیان حال ہی میں ہونے والے معاہدے کے تحت "خوشحال قلی پروگرام" کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق اس معاہدے کے بعد لاہور ریلوے اسٹیشن کے 39 قلیوں نے بلا سود قرضوں کے لیے درخواستیں جمع کروائیں، جن کی بنیاد پر قرضوں کی تقسیم کے عمل کا باضابطہ آغاز اور اس پروگرام کے تحت ایک قلی کو 50000 روپے بلا سود قرضہ دیا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق اس سلسلہ میں ایک خصوصی تقریب ریلوے اسٹیشن کی مسجد میں منعقد کی گئی جس میں ڈویژنل کمرشل آفیسر (ڈی سی او) لاہور عدنان مروت مہمانِ خصوصی جبکہ اخوت فائونڈیشن کی ٹیم بھی تقریب میں شریک تھی۔تقریب کا مقصد قلیوں میں قرضوں کی تقسیم کے عمل کا آغاز تھا، 39 منتخب قلیوں کو آئندہ دو روز میں بلا سود قرضے جاری کیے جائیں گے، جنہیں وہ صرف 2150 روپے ماہانہ کی آسان قسطوں میں واپس کریں گے۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کا مقصد قلیوں کو باعزت روزگار کے مواقع دینا اور ان کی مالی حالت کو مستحکم بنانا ہے۔تقریب کے دوران اخوت ٹیم نے قلیوں کے بچوں کے لیے آئی ٹی اسکلز پروگرام کے آغاز کا بھی اعلان کیا تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو کر بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہو سکیں۔اس موقع پرڈی سی او لاہور عدنان مروت نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن ریلوے قلیوں کی فلاح و بہبود کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے، وزیر ریلوے کا جو خواب تھا کہ قلیوں کو بااختیار اور خوشحال بنایا جائے وہ آج حقیقت کی صورت اختیار کر رہا ہے۔انہوں نے اخوت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے اور اخوت کا یہ اشتراک مستقبل میں مزید مثبت نتائج لائے گا۔