امریکہ کے ساتھ ٹیرف معاہدہ: پاکستانی برآمدات کے لیے نئے مواقع کی نوید

جمعہ 1 اگست 2025 13:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) پاکستان اور امریکہ کے درمیان ٹیرف پر مذاکرات کامیابی سے مکمل ہو گئے ،امریکی منڈی میں پاکستانی مصنوعات پر 19 فیصد ٹیرف عائد ہوگا۔جمعہ کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ امریکہ کے ساتھ ٹیرف سے متعلق مذاکرات کامیابی سے مکمل ہو گئے ہیں۔

ان مذاکرات کے نتیجے میں، پاکستانی برآمدات پر امریکہ کی منڈی میں 19 فیصد ٹیرف نافذ کیا جائے گا۔یہ فیصلہ امریکی حکام کی جانب سے ایک متوازن اور مستقبل بین پالیسی کی عکاسی کرتا ہے، جو پاکستان کو جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں مسابقتی حیثیت فراہم کرتا ہے۔ خاص طور پر، یہ ٹیرف سطح پاکستان کی برآمدی استعداد کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو گی، بالخصوص ٹیکسٹائل کے شعبے میں جو ملکی برآمدات کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

وزارتِ خزانہ، متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی مشاورت کے بعد، اس بات پر پُرعزم ہے کہ موجودہ ٹیرف معاہدہ امریکی منڈی میں پاکستان کی موجودگی کو وسعت دینے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستانی برآمد کنندگان اور تجارتی تنظیمیں اس پیش رفت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے جارحانہ اور ہدفی مارکیٹنگ حکمت عملی اپنائیں۔

ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی نمایاں ترقی کی گنجائش موجود ہے، اور حکومت برآمدات کو فروغ دینے کے لیے پالیسی معاونت، مارکیٹ انٹیلیجنس، اور تجارتی فروغ کی مختلف پہلوؤں سے سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔حکومتِ پاکستان کو امید ہے کہ امریکہ کے ساتھ سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت، کرپٹو کرنسی، معدنیات، توانائی، اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبہ جات میں بھی مثبت روابط اور قریبی تعاون جاری رہے گا۔

پاکستان صدر ٹرمپ اور امریکی انتظامیہ کے ساتھ اقتصادی ترقی اور باہمی خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی روابط قائم رکھے گا۔وزارتِ خزانہ، امریکی حکام کی تعمیری شراکت کو سراہتی ہے اور اس معاہدے میں وزارتِ تجارت، واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی مشن، اور دیگر سرکاری و نجی شعبوں کے اسٹیک ہولڈرز کے قیمتی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔