پاکستان ہندو کونسل کا یوم آزادی، معرکہ حق سے منسوب کرنے کا اعلان،14اگست کو ہر مندر ہر دھرم شالہ پر قومی پرچم لہرایا جائے گا، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی

جمعہ 1 اگست 2025 15:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) پاکستان ہندو کونسل نے 78ویں یومِ آزادی کو رواں برس معرکہ حق سے منسوب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں بھرپور قومی جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ کیاہے، اس حوالے سے پاکستان ہندو کونسل کے سرپرستِ اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کے بعد آگاہ کیا کہ ملک بھر کا ہر محب وطن اقلیتی شہری اپنے ان جانباز سپاہیوں اور محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی آزادی کے تحفظ کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی صرف قیامِ پاکستان کی تاریخی کامیابی کا دن نہیں بلکہ یہ دن ہمیں مسلسل یاد دلاتا ہے کہ آزادی کی حفاظت کرنا ہر پاکستانی شہری کا قومی فریضہ ہے، آزادی کے پہلے دن سے لے کر آج کے سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہماری مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں نے ہمیشہ ہر موقع پر اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، آج اگر ہم سکون کی نیند سوتے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ہماری ملکی سرحدوں پر میلی نگاہ ڈالنے کو سبق سکھانے کیلئے افواج پاکستان کے جوان چوکس ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کے مطابق جب سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند ہوتا ہے تو یہ صرف ہماری آزادی کی علامت نہیں بلکہ ہمارے عزم، قربانی اور دفاعی صلاحیت کی بھی گواہی دیتا ہے۔پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے رواں برس یومِ آزادی کو معرکہ حق سے منسوب کرنے کا مقصد اِس ناقابلِ فراموش حقیقت کو اجاگر کرنا ہے کہ ہمارے سپاہی حقیقی معنی میں ہماری آزادی کے محافظ و ضامن ہیں، ہماری بہادر افواج پاکستان نے مشکل کی ہر گھڑی میں وطن کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے سردھڑ کی بازی لگادی اور عالمی برادری کی نظر میں ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کردیا، ان کا جذبہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آزادی کی حفاظت ایک مسلسل جدوجہد، ایک امانت، اور ایک قربانی ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا کہ یومِ آزادی کی مناسبت سےملک بھر میں قائم مندروں، گردواروں، دھرم شالاؤں اور مذہبی مقدس مقامات کو جھنڈیوں اور رنگارنگ روشنیوں سے سجانے کا عمل پیر سے شروع کردیا جائے گا جبکہ 14اگست کو پاکستان ہندو کونسل کے زیرانتظام ہر مندر گوردوارے پر قومی پرچم لہرایا جائے گا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی پراتھنا کا اہتمام کیا جائے گا ۔

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے مزید بتایا کہ پاکستان ہندو کونسل کے زیراہتمام یومِ آزادی کی مرکزی تقریب شہرِ قائد کراچی میں منعقد کی جائے گی جبکہ ملک کے مختلف مقامات پر خصوصی تقاریب، ملی نغموں، سکول پروگرامز اور دیگر تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ ملکی دفاع میں افواجِ پاکستان، رینجرز،فضائیہ، بحریہ، پولیس، انٹیلی جنس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو اجاگر کیا جاسکے۔

پاکستان ہندو کونسل کے سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے تمام محب وطن اقلیتی پاکستانی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ یومِ آزادی کے موقع پر شہداء کے خاندانوں، غازیوں اور محافظوں کو بھرپور عزت و محبت سے یاد کریں اور خود بھی ایک ذمہ دار شہری کے طور پر ملک کے دفاع، اتحاد اور قومی یکجہتی کی پاسداری میں اپنا کردار ادا کریں۔