پاکستان کی سلامتی کونسل کی صدارت کا اختتام ، سفیرعاصم افتخار احمد نے استقبالیہ تقریب منعقد کی

جمعہ 1 اگست 2025 15:56

پاکستان کی سلامتی کونسل کی صدارت کا اختتام ، سفیرعاصم افتخار احمد  ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کی جولائی کے مہینے کیلئے پاکستان کی صدارت کی مدت کے اختتام پر ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا۔تقریب میں اقوام متحدہ میں تعینات سفارتی مشنز کے سربراہان، اعلیٰ یو این حکام، ممتاز شہریوں اور سینئر صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پاکستان کے سابق مستقل مندوب منیر اکرم بھی تقریب میں شریک ہوئے۔سفیر عاصم افتخار احمد نے استقبالیہ میں شریک تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اورپاکستان کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران ان کے بھرپور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے خصوصی طور پر سابق سفیر منیر اکرم کی شرکت پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران پاکستان نے ایجنڈا آئٹمز کے علاوہ دو اہم تقاریب کا اہتمام بھی کیا جن میں ’’کثیرالجہتی تعاون اور تنازعات کے پرامن تصفیہ کے ذریعے بین الاقوامی امن و سلامتی کا فروغ‘‘ کے موضوع پر اعلیٰ سطحی مباحثہ بھی شامل ہے ،اس اجلاس کے اختتام پر 15 رکنی کونسل نے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا جس میں تمام رکن ممالک سے تنازعات کے پرامن تصفیہ سے متعلق کونسل کی قراردادوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا، دوسرا اہم اجلاس اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے مابین تعاون بڑھانے پر مرکوز تھا، جس کے بعد ایک صدارتی بیان بھی جاری کیا گیا۔

پاکستان نے ’’مشرق وسطیٰ کی صورت حال بشمول مسئلہ فلسطین‘‘کے موضوع پر سلامتی کونسل کے سہ ماہی مباحثے کی بھی صدارت کی۔ تمام اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کی۔