عمامہ امت کی ترقی اور کامیابی کی ضمانت ہے، حاجی شاہد عطاری

جمعہ 1 اگست 2025 17:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء) دعوت اسلامی کے نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے کہا ہے کہ عمامہ صرف ایک کپڑا نہیں، بلکہ تاجِ عزت ہے، یہ مصطفی ﷺ کی سنت ہے، نیکیوں میں اضافے کا سبب ہے، امت کی ترقی اور کامیابی کی ضمانت ہے اور فرشتوں کی صفت ہے،جو سر پر عمامہ سجائے، وہ حیا، غیرت، عزت اور سنت کے نور سے سجتا ہے، سر پر عمامہ، چہرے پر سنت رسول ﷺ اور دل میں ایمان یہی حقیقی مسلمان کی شان ہے،آج ہم سنت کو سر کا تاج بنالیں، کل بروز قیامت اللہ نے چاہا تو جنت کے وارث بن جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ رکن شوریٰ نے کہا کہ نیکی کی دعوت دینا اور برائیوں سے روکنا پسندیدہ عمل ہے، مسلمان اپنی اصلاح کے ساتھ دوسروں کی اصلاح میں مصروف رہیں،ہم تحائف کا لین دین مختلف مواقع پر کرتے ہیں، کیا ہی اچھا ہو کہ ہم دینی کتب یا عمامہ شریف تحفے میں دیں تاکہ تحفہ بھی ہو اور سنت کی ادائیگی بھی، ہمارے آقا ﷺ کی سیرت مبارکہ سے ثابت ہے کہ آپ ﷺ عمامہ شریف کا تحفہ عطا فرمایا کرتے تھے۔

(جاری ہے)

رکن شوریٰ حاجی شاہد عطاری نے کہا کہ عمامہ انبیاء کی سنت ہے، مصطفی ﷺ کی بھی سنت ہے اور فرشتے بھی عمامہ باندھتے ہیں، غزوہ بدر و غزوہ حنین میں آنے والے فرشتوں نے بھی عمامے باندھ رکھے تھے، ہمارے آقا ﷺ کی عادت تھی کہ سفر ہو یا حضر، نماز ہو یا دیگر حالت، ہر وقت عمامہ شریف سر پر ہوتا، عمامہ باندھ کر پڑھی گئی دو رکعت نماز، بغیر عمامے کے ستر رکعتوں سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمامہ نہ باندھنا اگرچہ گناہ نہیں لیکن اس کا نقصان یہ ہے کہ مسلمان کی عزت اور وقار کم ہوجاتا ہے، تاریخ گواہ ہے جب مسلمان سنتوں پر عمل پیرا تھے، دنیا ان کے نام سے لرزتی تھی، اجتماع کے اختتام پر دعا کی گئی۔