عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ پر کوئی سودے بازی نہیں ہوسکتی،صاحبزادہ زبیر
جمعہ 1 اگست 2025
23:07
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء) مرکزی جماعت اہلسنّت کراچی کے امیر صاحبزادہ محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا ہے کہ فکرِ نورانی صرف ایک نظریہ یا عنوان نہیں بلکہ عقیدہ، مشن اور تحریک ہے، جس کی بنیاد عشقِ مصطفی ﷺ، استحکام عقیدہ ختم نبوت ﷺ، اتحادِ امت اور نظام مصطفی ﷺ کے قیام پر ہے۔ آج کے دورِ انحطاط میں اگر کوئی فکری رہنمائی، نظریاتی استقامت اور عملی لائحہ عمل امت مسلمہ کو درکار ہے تو وہ صرف اور صرف علامہ شاہ احمد نورانی رحمة اللہ علیہ کی بصیرت سے مل سکتی ہے۔
ہم مشن نورانی کے فکری، تنظیمی اور عملی وارث ہیں اور اس مشن کی تکمیل کو اپنے ایمان، نصب العین اور قومی خدمت کا حصہ سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی جماعت اہلسنّت کراچی کی جانب سے سالانہ ختم نبوت کانفرنس کی تیاری کے سلسلے میں رابطہ مہم پورے شہر میں بھرپور انداز سے جاری ہے، جس میں نہ صرف علمائے کرام، مشائخ عظام اور مساجد و مدارس کے سربراہان سے ملاقاتیں کی جا رہی ہیں، بلکہ نوجوان نسل، دینی کارکنان، اور نظریاتی حلقوں تک بھی مشن نورانی کا پیغام منظم انداز سے پہنچایا جا رہا ہے۔
(جاری ہے)
رابطہ مہم میں ان کے ہمراہ مرکزی جماعت اہلسنّت کراچی کے تمام اعلیٰ عہدیداران، تنظیمی قائدین، ضلعی نمائندگان اور شعبہ جاتی ذمہ داران شریک ہیں، جن میںنائب امراء سید ریاض اشرفی،پیر فاروق شاہ ہمدانی،ناظم اعلیٰ مفتی محمد فیاض نقشبندی،ناظم نشر و اشاعت علامہ غلام غوث گولڑوی،نائب ناظم اعلیٰ علامہ سید فرحان شاہ نعیمی،ناظم خدمت خلق شیر محمد نورانی،ناظم مالیات ملک سعید اختر،ضلعی عہدیداران قاضی عبدالقادر صدیقی، قاری شمیم الدین، علامہ مفتی ساجدحسین لغاری، شفیق احمداعوان، پیر رشید احمد تونسوی، علامہ غمیر گیلانی، علامہ قاضی عبد الرسول نعیمی، علامہ اسرار قادری، صاحبزادہ ارشاد الرحمٰن، علامہ ریاض گولڑوی نعیمی ودیگر کے نام شامل ہیں۔
صاحبزادہ زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا کہ یہ رابطہ مہم صرف کانفرنس کی تشہیر یا دعوتی سرگرمی نہیں بلکہ ایک فکری بیداری اور دینی تحرک کی مہم ہے، جس کے ذریعے ہم یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ پر کوئی مصلحت، کوئی دباؤ، اور کوئی تاویل قابلِ قبول نہیں۔ یہ ہمارے ایمان کا جزو لاینفک ہے اور اس پر ہم ہر سطح پر، ہر فورم پر، ہر قیمت پر کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں جب نوجوان نسل سوشل میڈیا، فکری الجھنوں اور بیرونی پروپیگنڈے کی یلغار کا شکار ہو رہی ہے، ایسی صورت میں علامہ نورانی رحمة اللہ علیہ کی علمی، فکری اور سیاسی میراث کو عام کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ اسی لیے مرکزی جماعت اہلسنّت کراچی نہ صرف کانفرنس کی تیاری کر رہی ہے بلکہ شہر بھر میں فکری تربیتی حلقے، ختم نبوت ﷺ کی کلاسز اور نظریاتی نشستیں بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کانفرنس کے لیے رابطہ مہم کے دوران کراچی کے تمام اضلاع، زونز، تنظیمی مراکز، خانقاہوں، دینی حلقوں اور نوجوان طبقے تک پہنچنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کارکنان کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہر یونین کونسل، ہر مدرسے اور ہر دینی مرکز میں جا کر عقیدہ ختم نبوت ﷺ کا پیغام پہنچائیں۔صاحبزادہ زبیر ہزاروی نے کہا کہ سالانہ ختم نبوت کانفرنس صرف ایک مذہبی اجتماع نہیں بلکہ ایک عظیم الشان فکری مورچہ ہے جہاں سے پوری امت کو یہ اعلان کیا جائے گا کہ اہل سنت و جماعت ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے متحد، منظم اور بیدار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان شاء اللہ ہر سطح پر حق کا علم بلند کرتے رہیں گے، فتنوں کا منہ توڑ جواب دیں گے اور نوجوان نسل کو قادیانیت، سیکولرازم اور لادینیت جیسے نظریاتی حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے فکری و تعلیمی اقدامات جاری رکھیں گے۔انہوں نے کارکنان سے کہا کہ مشن نورانی پر استقامت، شعور اور اخلاص کے ساتھ ڈٹے رہیں۔ ہر کارکن، ہر عہدیدار اور ہر کارکن علمبردارِ ختم نبوت ﷺ بن جائے، یہی اصل کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم عملی سطح پر اپنے مشن، اپنے عقیدے اور اپنے نظریات کی حفاظت کے لیے میدان میں اُتریں اور یہ ثابت کریں کہ ہم نہ صرف وارثِ نورانی فکر ہیں، بلکہ اس کے محافظ بھی ہیں اور ترجمان بھی۔