ْایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی کی برطرفی پر عدالتی حکم امتناع، بیلف کے ذریعے چارج دلوا دیا

جمعہ 1 اگست 2025 20:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ضیا القیوم کی برطرفی پر اسلام آباد کی مقامی عدالت نے حکم امتناع جاری کرنے کے بعد بیلف کے ذریعے چارج دلوا دیا ہے۔ڈاکٹر ضیا القیوم نے جمعہ کو دوبارہ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کا چارج سنبھالا تو ایچ ای سی ملازمین کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ان کا استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیا القیوم جنہیں سابق چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کے دور میں کمیشن ممبران کی منظوری سے برطرف کیا گیا تھا، انہوں نے اس حکم کے خلاف مقامی عدالت سے اسٹے آرڈر لیا تاہم انہیں چارج لینے سے زبردستی روک دیا گیا تھا۔ڈاکٹر ضیا القیوم نے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی، جس پر جمعہ کو مقامی عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے بذریعہ بیلف ڈاکٹر ضیا القیوم کو چارج دلوا دیا ہے۔اس دوران ڈاکٹر ضیا القیوم جب چارج لینے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن پہنچے تو ایچ ای سی کے ملازمین نے ان کا شاندار استقبال کرتے ہوئے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔