سرکاری ملازمین کو مصنوعی ذہانت کے چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹنا چاہیے، ڈاکٹر محمد جمیل آفاقی

جمعہ 1 اگست 2025 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) نیشنل سکول آف پبلک پالیسی (NSPP) کے ریکٹر ڈاکٹر محمد جمیل آفاقی نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو مصنوعی ذہانت کے چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز NIPA پشاور میں 38th SMC، 44th MCMC اور 94th Pre-Service Course of Revenue Officers خیبرپختونخوا کے زیر تربیت افسران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ آج پبلک سروس کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز میں مصنوعی ذہانت جیسی ٹیکنالوجی کی جدت اور جدیدیت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو نئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے اور اس کے منفی اثرات سے خود کو محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل سکول آف پبلک پالیسی (NSPP) سول سرونٹس کو علم، ہنر اور گورننس کے بدلتے تقاضوں کے مطابق درست سوچ سے آراستہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زیر تربیت افسران پر زور دیا کہ وہ فعال کردار ادا کریں، عوام کی بات سنیں اور ان کی رائے کا احترام کریں۔ڈائریکٹر جنرل NIPA/PARD/PPSA پشاور کیپٹن (ریٹائرڈ) عثمان گل نے ریکٹر کے NIPA پشاور کے دورے اور سول سرونٹس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریکٹر کے اس دورے اور تعامل سے زیر تربیت افسران کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

ریکٹر نے کیمپس کا دورہ کیا، ماڈل فگ آرچرڈ کا افتتاح کیا اور ایک پودا بھی لگایا۔ انہوں نے 44th MCMC کے شرکاء کو اپنا لیکچر بھی دیا۔مشترکہ اجلاس میں تین تربیتی اداروں یعنی NIPA، PARD اور PPSA کے فیکلٹی ممبران، 38th Senior Management Course، 44th Mid-Career Management Course، اور خیبرپختونخوا ریونیو افسران کے 94th Pre-Service Course کے شرکاء نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل NIPA/PARD/PPSA کیپٹن (ریٹائرڈ) عثمان گل نے اس موقع پر ریکٹر NSPP کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔