Live Updates

چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کانفرنس منعقد

جمعہ 1 اگست 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت جمعہ کے روز کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں عوام کو سروس ڈیلیوری کی فراہمی، خالی اسامیوں پر بھرتیاں، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر نظر رکھنے سمیت دیگر عوامی مفاد کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری نے آفیسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کے فوری حل اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے فیلڈ وزٹس، کھلی کچہریوں اور مؤثر عوامی رابطے کو ترجیح دیں۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ انتظامی افسران حکومت اور ریاست کا چہرہ ہیں، اس لیے ان کی کارکردگی براہ راست عوامی تاثر اور اعتماد پر اثر انداز ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں میں خالی آسامیوں پر شفاف طریقے بھرتی کے عمل کو تین مہینوں میں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے۔

(جاری ہے)

صوبے میں شفافیت، میرٹ اور عوامی خدمت کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے بھرتیوں کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائے تاکہ عوام کو بروقت اور بہتر خدمات دی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھنے، مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مارکیٹ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ قیمتوں میں استحکام اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے قیمتوں کا تعین (Price Control) عوامی بہبود کے لیے کیا جاتا ہے ۔

اگر کوئی دکاندار مخصوص اشیاء پر سرکاری نرخوں سے زیادہ قیمت وصول کرتا ہے، تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ پی او آر کارڈ ہولڈرز اور غیر قانونی غیر تارکین وطن کی باعزت طریقے سے واپسی کے خلاف کریک ڈاؤن اور واپسی کی رفتار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ملک و صوبے میں غیر قانونی مقیم افراد کی تعداد کو کم کیا جا سکے. اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2024ـ25 میں 3062 ترقیاتی منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ مجموعی طور پر ترقیاتی منصوبے عوام کی زندگیوں میں مثبت بہتری کا باعث بنتے ہیں اور معاشرتی و اقتصادی ترقی کو فروغ دیتے ہیں۔ ترقیاتی منصوبے عوام کے لیے مستفید ہوتے ہیں، بشرطیکہ ان کا نفاذ مناسب طریقے سے ہو اور وسائل کا صحیح استعمال کیا ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عارضی بنیادوں پر تعینات اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسران کے خلاف کارروائی کرکے فوری طور پر معطل کرنے کی ہدایت کی۔

جنہوں نے تنخواہوں کی ادائیگی میں لاپرواہی برتی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ذاہد سلیم، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات، سیکرٹری سکولز اسفندیار کاکڑ، سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن، سیکرٹری انڈسٹریز خالد سرپرہ جبکہ ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :