خیبر پختونخوا میں رواں سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران دہشت گردی کے 476 واقعات رپورٹ

ہفتہ 2 اگست 2025 17:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)خیبر پختونخوا میں رواں سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران دہشت گردی کے 476 واقعات رپورٹ ہوئے۔پولیس دستاویزات کے مطابق شمالی وزیرستان میں سب سے زیادہ 77، بنوں میں 74 واقعات ہوئے، لکی مروت میں 48 ، ڈی آئی خان میں دہشت گردی کے 44 واقعات ہوئے۔رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں دہشتگردی واقعات میں سب سے زیادہ 121 عام شہری شہید اور 301 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

7 ماہ کے دوران صوبے میں 66 پولیس اہلکار شہید اور 90 زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

دہشت گرد واقعات میں 10 حاصہ دار بھی شہید ، 8 زخمی ہوئے ہیں۔ ایف سی کے 48 شہید 109 زخمی ہیں۔ فورسز کے 55 شہید 112 زخمی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال سب سے زیادہ بنوں میں 15 پولیس اہلکار شہید 16 زخمی ہوئے،لکی مروت میں 9،جنوبی وزیرستان اور پشاور میں 6،6 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے جیو نیوز کو بتایا کہ جنوبی اضلاع میں دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے پولیس کو جدید اسلحہ دیا گیا ہے۔ پولیس چوکیوں اور تھانوں کو بھی مضبوط بنانے کا کام جاری ہے، جلد واضح فرق نظر آجائے گا۔ سینٹرل پولیس آفس کے مطابق خیبر پختونخوا میں اب تک 2289 پولیس اہلکار و افسران شہید ہو چکے ہیں۔