آرگینک خوراک کی کاشتکاری کے فروغ کیلئے کسانوں کو سبسڈی د ی جائے، نجم مزاری

ہفتہ 2 اگست 2025 17:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسر چ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ امریکہ سمیت دیگر ممالک میں آرگینک خوراک اور مصنوعات کا رجحان فروغ پارہا ہے اور خوش قسمتی سے پاکستان کے ان ممالک سے بہترین تجارتی تعلقات ہیں ، ہمارے پاس آرگینک خوراک اور مصنوعات کی اربوں ڈالر کی عالمی مارکیٹ میں ’’ میڈ ان پاکستان ‘‘کی شناخت کا سنہری موقع ہے ۔

ہفتہ کو اپنے بیان میں نجم مزاری نے اپیل کی کہ آرگینک خوراک اور مصنوعات ایک ایسا شعبہ ہے جس کے ذریعے نہ صرف پاکستان میں روزگار کے بڑے پیمانے پر مواقع پیدا ہوں گے بلکہ پاکستان عالمی مارکیٹ میں آرگینک خوراک اور مصنوعات کے بڑے برآمد کنندہ کے طور پر خود کو اجاگر کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت آرگینک خوراک کی کاشتکاری کیلئے مہم چلائے اور خواہشمند کسانوں کو راغب کرنے کیلئے سبسڈی د ی جائے ، معیار کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کی سطح پر لیبارٹریز، لیبلنگ اور سرٹیفکیشن کا نظام قائم کیا جائے اور پھر پوری تیاری کے ساتھ دنیا میں خود کو پیش کیا جائے ۔

نجم مزاری نے کہا کہ تجزیاتی رپورٹس کے مطابق پاکستان آرگینک خوراک اور مصنوعات کی اربوں ڈالر کی مارکیٹوں میں بڑا حصہ دار بن سکتا ہے لیکن اس کے لئے ہمیں بلا تاخیر عملی پیشرفت کرنا ہو گی ، ہم اس کے لئے بھرپور تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں کیونکہ ہمارا مقصد دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنا اور ملک کے لئے قیمتی زر مبادلہ حاصل کرنا ہے ۔