کمشنر نصیر آباد صلاح الدین نورزئی کی ہدایات کی روشنی میں نصیرآباد میں یومِ استحصالِ کشمیر جذبے سے منایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر نصیر آباد

ہفتہ 2 اگست 2025 20:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف سیکریٹری بلوچستان کے احکامات اور کمشنر نصیر آباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی ہدایات کی روشنی میں ضلع نصیرآباد میں یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس سے ایک بڑی ریلی نکالی جائے گی جس میں ضلعی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

ریلی کا مقصد مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کی مذمت کرنا ہے۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ اسمبلی ہال میں یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی حمایت میں متحد ہے۔

اسی سلسلے میں مختلف سرکاری و نجی اسکولوں میں بھی یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقاریب، تقریری مقابلے اور آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ نئی نسل کو کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں سے روشناس کرایا جا سکے۔ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کل بھی کھڑی تھی، آج بھی ہے اور حق خود ارادیت کی اس جدوجہد میں ہمیشہ ان کا ساتھ دے گی۔