بھارتی ایئر لائن کی پرواز میں مسلمان مسافر کے ساتھ بدسلوکی،تشدد کی ویڈیو وائرل

ہفتہ 2 اگست 2025 21:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت عروج پر پہنچ گئی ہے جہاں بھارتی ایئر لائن'' انڈیگو'' کے ایک مسافر طیارے میں موجود ایک مسلمان نوجوان حسین احمد کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اورصارفین نے اس پر شدید ردعمل ظاہرکیاہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق واقعے کے دوران جہاز میں سوار مسلمان نوجوان کو گھبراہٹ کا دورہ پڑا اوراس کی مدد کرنے کے بجائے ایک مسافر نے نوجوان کو تھپڑ مار دیا۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب نوجوان کو طبی مسئلہ درپیش تھا، ایک مسافر نے اس پر ہاتھ اٹھا دیا۔ اگرچہ ایئر ہوسٹس نے تشدد کرنے والے شخص کو روکنے کی کوشش کی، لیکن وہ باز نہیں آیا۔

(جاری ہے)

یہ منظر دیکھ کر سوشل میڈیا پر صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا ہے کہ تشدد کرنے والے مسافر کو نو فلائی لسٹ میں ڈال کر فضائی سفر پر پابندی عائد کی جائے۔

ایئرلائن کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی اطلاع متعلقہ حکام کو دے دی گئی ہے۔ تاہم اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ڈاکٹروں کاکہنا ہے کہ گھبراہٹ کے دورے کی صورت میں مریض کے ساتھ ہمدردی اور سکون دینے والا رویہ اپنانا چاہیے نہ کہ اس پرتشدد کرنا چاہیے۔یہ واقعہ ایک بار پھر بھارتی معاشرے میں اقلیتوں کے خلاف بڑھتی ہوئی عدم رواداری کی عکاسی کرتا ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے نہ صرف اس واقعے کی مذمت کی ہے بلکہ ایئر لائن سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔مذکورہ ویڈیو آسام میں موجود مسلمان مسافر کے اہل خانہ کی توجہ حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوگئی جس کے بعد انہوں نے دعویٰ کیا حسین احمد اس واقعے کے بعد سے لاپتہ ہیں اور ان کا فون بھی بند جا رہا ہے۔حسین احمد کے اہل خانہ نے ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروا دی ہے جبکہ تھپڑ مارنے والے مسافر کو کلکتہ ایئرپورٹ پر اتار کر حراست میں لیا گیا۔