مسعود پزشکیان کے دورہ پاکستان سے خطے کی سیاسی،سفارتی اور معاشی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، سینیٹر محمد عبدالقادر

پاکستان اور ایران کے مابین تجارت کو فروغ دے کر بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی پر قابو پانے میں مدد ملے گی، بیان

ہفتہ 2 اگست 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ ایران صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے دورہ پاکستان سے خطے کی سیاسی, سفارتی اور معاشی صورتحال پر نہایت مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ جاری بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت سے اسرائیل اور بھارت کو واضح پیغام ملے گا.

اسرائیل ایران جنگ کے دوران پاکستان نے واضح طور پر ایران کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا جسے ایرانی حکام اور عوام بے انتہا قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں. ایرانی صدر کا حالیہ دورہ پاکستان دراصل ایرانی قوم کی طرف سے پاکستانی قوم کو شکریہ کے جذبات پہنچانا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے کہا ہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے میں خصوصی دلچسپی رکھتی.

پاکستان اور ایران کے مابین تجارت کو فروغ دے کر بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی پر قابو پانے میں مدد ملے گی. مشترکہ سرحد کے دونوں اطراف تجارتی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہونے سے ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا. بلوچستان ملک کے دوسرے صوبوں کی نسبت کم ترقی یافتہ صوبہ ہے جہاں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہی. صوبے کی معاشی ابتری کی وجہ سے پاکستان دشمنوں کو بے روزگار نوجوانوں کی بڑی تعداد مل جاتی ہے جنہیں وہ منفی سرگرمیوں میں استعمال کرتے ہیں.

پاکستان اور ایران کے مابین ہونے والی تجارت کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا. اس طرح اسمگلنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی. پاک بھارت جنگ میں فتح یاب ہونے کے بعد سے پاکستان کامیابی سے عالمی سطح پر سیاسی, سفارتی, معاشی اور عسکری سطح پر نئے اور درخشاں باب رقم کر رہا ہے۔