جشن آزادی پاکستان کو قلعہ اسلام پاکستان کے طور پر منائینگے ،سربراہ پاکستان سنی تحریک

پاکستان بنانے والوں کی اولادیں پاکستان کی سلامتی کیلئے تن من دھن سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں،شاداب رضا نقشبندی

ہفتہ 2 اگست 2025 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور استحکام کیلئے پوری قوم پر عزم اور متحد ہے ،جشن آزادی پاکستان کو قلعہ اسلام پاکستان کے طور پر منائینگے ،زادی عظیم نعمت ہے یوم آزادی پاکستان ملک گیر سطح پر شایان شان طریقے سے منائینگے ، ملک بھر کے تمام عہدیداران وکارکنان یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں پر چم کشائی ،ریلیوں ،کانفرنسز وسمینار کا انعقاد کریں ،پاکستان ہمارے بزرگوں کی امانت ہے اس کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،ملک بھرکے تمام شہروں کے دفاتر میں سبز ہلالی پرچم لہرایا جائے اورقلعہ اسلام پاکستان ریلی ،جلسے ،کانفرنس کا انعقاد کیا جائے ،پاکستان اسلام کا قلعہ عاشقان رسول کا ملک ہے نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کیلئے جدوجہد کرتے رہینگے ،طویل جدوجہد کے بعد ہمارے اکابرین نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان حاصل کیا ،ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو اتحاد ویکجہتی سے ہی ناکام بنایا جاسکتا ہے ،بھارت کی سازشوں اور دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ،پاکستان بنانے والوں کی اولادیں پاکستان کی سلامتی کیلئے تن من دھن سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابائے اردو روڈ پر جشن آزادی کی تیاریوں کے سلسلے پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ان کے ہمراہ صاحبزادہ پیر افتخار الحسن سجادہ نشین پیر سواگ شریف،مرکزی رہنما محمد شہزاد قادری ،مرکزی رہنما محمد آفتاب قادری کراچی امیر محمد فرقان قادری،نائب امیر فرحان قادری ،نائب امیر عارف منصوری واراکین کراچی رابطہ کمیٹی بھی موجود تھے ،شاداب رضا نقشبندی نے تمام عہدیداروں کو ہدایت کی کہ ماہ اگست میں دفاتروں پر سبز ہلالی پرچم لگائے جائیں اور دفاتروگھروں کو برقی قمقموں سے سجایا جائے ،انہوں کا مزید کہنا تھا کہ کہنا تھا کہ نظریہ پاکستان کا تحفظ ہر حال میں کرینگے ،اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والے ملک کو بیرونی سازشوں کا سامنا ہے ،پاکستان کے دشمن اسلامی جمہوریہ پاکستان کو سیکولر ازم کی طرف جھونکنے کی سازشوں میں مصروف ہیں ،بانیان پاکستان کی اولادیں ہر سازش کو اپنے شعور سے ناکام بنائیں گی ،قائد اعظم کے سنہری اصول ایمان ،اتحاد ،یقین پر چل کر ہی ملک دشمن قوتوں کو شکست فاش دی جاسکتی ہے ،پاکستان کی سلامتی کیلئے ہمیں اپنی جانیں بھی قربان کرنا پڑیں تو گریز نہیں کرینگے ،ہمارا جینا اور مرنا پاکستان کیلئے ہے ،پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لیجانے کیلئے ہم سب کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی ،مضبوط ومستحکم پاکستان کیلئے اپوزیشن اور تمام سیاسی و مذہبی اکائیوں کو کردار ادا کرنا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کے تحت یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا جائے ،تحریک پاکستان کے شہدائوں اور پاکستان کی سلامتی کیلئے شہادت پانے والے پاک فوج کے جوانوں و افسران کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جائے ۔