ہم مل کر جشن آزادی کیساتھ معرکہ حق بھی انتہائی جوش و خروش اور شاندار طریقے سے منا رہے ہیں، ایم ایس لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد و جام شورو

ہفتہ 2 اگست 2025 22:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جام شورو ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری نے کہا ہے کہ پاکستان عظیم قربانیوں کے بعد وجود میں آیا اور آج بھی دہشت گردی و شدت پسندی جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، لیکن ہماری مسلح افواج ہر لمحہ ملکی دفاع کے لئے تیار ہیں۔وہ سول اسپتال حیدرآباد میں جشن آزادی معرکہ حق کے سلسلے میں کانفرنس ہال میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ایم ایس ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری نے کہا کہ ہم اپنی پاک افواج بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں بھارت کی جانب سے جارحیت کے جواب میں پاکستان نے جومنہ توڑ جواب دیا اس سے پاکستانی عوام کا سر فخر سے بلند ہوا اس لئے ہم مل کر جشن آزادی کے ساتھ ساتھ معرکہ حق بھی انتہائی جوش و خروش اور شاندار طریقے سے منا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سول اسپتال حیدرآباد و جام شورو میں معرکہ حق کے سلسلے میں یکم سے 15اگست تک اسپتال کی عمارتوں کو برقی قمقموں اور پاکستان پرچموں اور جھنڈیوں سے سے سجایا جائے گا جبکہ شہدا پاکستان اور شہدا معرکہ حق کے حوالے سے سیمینار منعقد کئے جا ئیں گے جس میں جذبہ حب الوطنی اور شہدا کی یاد میں تقاریر ہوں گی اور اسی سلسلے میں ایڈمینسٹریشن بلاک سے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف و دیگر ملازمین پر مشتمل ایک شاندار ریلی نکالی جائے گی، جبکہ یکم سے 14 اگست تک اسپتال کے مختلف وارڈوں کو سجایا جائے گا، اسپتال کے جس وارڈ میں صفائی ستھرائی، مریضوں کے ساتھ اچھا برتا اور جس وارڈ کی کارکردگی اچھی ہو گی اس بلاک کے انچارج اور وارڈ کے رجسٹرار ایڈمن کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے جس کے لیے ویجلینس کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو وارڈوں کا دورہ کر کے مجھے آگاہ کرے گی، 14 اگست کو سرکاری وقت کے مطابق پرچم کشائی کی جائے گی، کیک کاٹا جائے گا، قومی ترانہ اور ملی نغمے گائے جائیں گے اور جشن آزادی کے حوالے سے تقاریر ہوں گی، بعد ازاں مریضوں میں قومی پرچم، فروٹ اور مٹھائی کے بکس اور اسپتال میں داخل بچوں میں کھلونے تقسیم کئے جائیں گے۔