آل پاکستان وزیر اعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ،سپارٹکس ایف سی سوات نے چیمپئن شپ کا تاج اپنے سرسجا لیا

ہفتہ 2 اگست 2025 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی سرپرستی اور محکمہ کھیل و امور نوجوانان بلوچستان کے زیر اہتمام آل پاکستان وزیر اعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے کامیاب اختتامی تقریب پر قوم کو مبارکباد پیش کی اور اسے بلوچستان کی تاریخ کا سب سے کامیاب کھیلوں کا مقابلہ قرار دیا ۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں مشیر کھیل مینا مجید بلوچ نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں سپارٹکس ایف سی سوات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن شپ کا تاج اپنے سر سجا لیا اور 25 لاکھ روپے انعام حاصل کیا۔

(جاری ہے)

دوسرے نمبر پر اسماعیل میموریل کراچی کی ٹیم رہی جس نے 15 لاکھ روپے حاصل کئے جبکہ مسلم کلب چمن نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے 5 لاکھ روپے کا انعام جیتا ۔

ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے نوجوان کھلاڑیوں نے حصہ لیا،انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ صرف ایک مقابلہ نہیں تھا بلکہ یہ پورے پاکستان کے دلوں کو جوڑنے، ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کے فروغ کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ثابت ہوا ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ ہم کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب اور قومی یکجہتی کو فروغ دے سکتے ہیں ،انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، محکمہ کھیل، ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں اور تمام کھلاڑیوں و منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں آئندہ بھی قومی سطح کے بڑے کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔