جنوبی پنجاب سے غذائی مصنوعات کے برآمد کنندگان کا وفدسعودی عرب روانہ

اتوار 3 اگست 2025 12:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) جنوبی پنجاب سے غذائی مصنوعات کے برآمد کنندگان کا وفد اتوار کو سعودی عرب روانہ ہو گیا۔ وفد سعودی عرب کے ویژن 2030 کے مراعاتی پیکج کے تحت برآمدات کے نئے مواقع اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لے گا۔

(جاری ہے)

روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفد کے سربراہ اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا کہ دورے کا مقصد تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا اور پاکستان کے معیاری پراسیسڈ فوڈز، بالخصوص اسنیکس کی نمائش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفد سعودی عرب کے تجارتی شراکت داروں کے ساتھ ملاقاتوں میں سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرے گا۔ حلال فوڈ کی بڑھتی ہوئی مانگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پاکستان کے فوڈ پراسیسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری پر بھی بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام خلیج، خاص طور پر سعودی عرب میں خوراک کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے ہدف سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے کے دوران اہم معاہدے ہوں گے، پاکستان کی برآمدی آمدنی میں اضافہ ہوگا اور زرعی خوراک کے شعبے میں طویل مدتی تعاون کو فروغ ملے گا۔