پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن سندھ برانچ کے زیرِ اہتمام ایچ پی وی ویکسینیشن پرسیمینارکا انعقاد

اتوار 3 اگست 2025 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن (پی پی ا ے )سندھ برانچ کے زیرِ اہتمام ایچ پی وی ویکسی نیشن پر ایک اہم سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا مقصد ایچ پی وی ویکسین سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور سندھ بھر میں ویکسین مہم کی کامیاب حکمتِ عملی کو فروغ دینا تھا۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق سیمینار میں ماہر اطفال، ماہرین امراض نسواں، عوامی صحت کے ماہرین اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

سیشن 1 کے صدورمیں پروفیسر جہاں آرا، ڈاکٹر راج کمار اور پروفیسر اقبال اے میمن جبکہ سیشن 2 کے صدورمیں ڈاکٹر سہیل رضا شیخ، پروفیسر تزئین عباس، پروفیسر محسنہ نور ابراہیم، اور پروفیسر ناصر سلیم صِدال شامل تھے۔ اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر خالد شفیع (چیئرمین نائی ٹیگ)نے ایچ پی وی ویکسین کی منظوری کے عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ نیشنل ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ (NiTAG) نے اس ویکسین کو محفوظ اور موزوں قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر حلیمہ یاسمین (سربراہ گائنی، جے پی ایم سی)نے سرویکل کینسر کی علامات، اس کے خطرات اور ایچ پی وی ویکسین کے حفاظتی کردار پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر راج کمار نے ویکسین مہم کی تیاری اور منصوبہ بندی پر پریزنٹیشن دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں 9 سے 14 سال کی عمر کی 41 لاکھ بچیوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر وقار سومرو نے مہم کی زمینی سطح پر تیاریوں اور مائیکرو پلاننگ سے متعلق معلومات فراہم کیں اورکمیونیکیشن آفیسر یونیسف سنیل راجہ نے ایچ پی وی مہم کے لیے کمیونیکیشن حکمت عملی پیش کی جس میں اسکولوں کی شمولیت، سوشل میڈیا مہمات اور کمیونٹی موبلائزیشن پر زور دیا گیا۔سیمینار میں صدر پی پی اے پروفیسر وسیم جمالوی، جنرل سیکریٹری پی پی اے ڈاکٹر سعد اللہ چچڑ ، ایم ڈی سی ایل ایف ڈاکٹر عرفان حبیب، ووٹ آف تھینکس ڈاکٹر لیاقت علی ہالو اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ای پی آئی سندھ ڈاکٹر سہیل رضا شیخ و دیگر مقررین اور پینلسٹ شامل تھے۔

سیمینار کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ تمام شعبوں کا مشترکہ تعاون، بروقت حکمت عملی اور کمیونٹی کی شمولیت ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کی کامیابی کی کنجی ہے۔