ڈی پی او مانسہرہ کی قیادت میں شہداء پولیس واک، فضا پاکستان زندہ باد و شہداء پولیس زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی

اتوار 3 اگست 2025 22:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی قیادت میں شہداء پولیس واک کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام کے جان و مال کے تحفظ اور وطنِ عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ رینج ناصر محمود ستی کی ہدایات پر ضلع مانسہرہ میں ہفتہ شہدائے پولیس انتہائی عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

شہدائے پولیس واک میں ایس پی انویسٹی گیشن مانسہرہ، ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پی ٹریفک، انسپکٹر ٹریفک، ایس ایچ او تھانہ سٹی، ضلعی پولیس، سول سوسائٹی، اساتذہ، طلباء، تاجر برادری سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے جن پر شہداء پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے والے نعرے اور پیغامات درج تھے جب کہ فضا پاکستان زندہ باد اور شہداء پولیس زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

واک کے دوران راستے میں مختلف مقامات پر انجمن تاجران مانسہرہ کی طرف سے شرکاء پر گل پاشی کی گئی اور پھول نچھاور کیے گئے جس سے فضا میں محبت ، عقیدت اور احترام کا حسین منظر دیکھنے میں آیا۔ واک کا اختتام یادگارِ شہداء پولیس بٹ پل پر ہوا، جہاں یاد گار شہداء پولیس پر پولیس کی چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ ڈی پی او مانسہرہ اور دیگر افسران نے یادگار شہدائے پولیس پر پھول چڑھائے اور شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور ان کے بلند درجات کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔

اس موقع پر فضا انتہائی جذباتی اور رقت آمیز مناظر سے بھرپور تھی۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارا فخر ہیں، انہوں نے عوام کے جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ مانسہرہ پولیس ان عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہفتہ شہدائے پولیس کے دوران دعائیہ تقاریب، فلاحی سرگرمیاں، عوامی آگاہی واکس اور شہداء کے لواحقین کے اعزاز میں مختلف تقریبات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ان عظیم قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔