ریلوے خدمات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے،وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی

اتوار 3 اگست 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹل تبدیلی تیزی سے جاری ہے اور اس کا بیشتر کام مکمل ہو چکا ہے۔اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ریلوے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو شامل کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹکٹنگ ایپ "رابطہ" کو 16 بینکوں اور ایزی پیسہ، جاز کیش جیسے اہم آن لائن ادائیگی پلیٹ فارمز سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے خدمات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے لیے بڑی اصلاحات جاری ہیں جن میں انکوائری سسٹم، ٹرین معائنہ، ملازمین کی حاضری اور مال برداری کے آپریشنز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد آپریشنل کارکردگی میں بہتری، خدمات کے معیار کو بلند کرنا اور ریلوے کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کے تعاون سے پنجاب کے 40 ریلوے اسٹیشنز پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے"ڈیجیٹلائزیشن کا زیادہ تر کام مکمل ہو چکا ہے اور اب حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔سیاسی امور پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے تاہم سیاست کے نام پر افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔