راولپنڈی میں غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی کے قتل کی تفتیش میں مزید انکشافات

قتل کرنے والے مرکزی ملزمان کا تعین ہوگیا، دیگر ملوث افراد کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا‘پولیس

پیر 4 اگست 2025 16:52

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی کے قتل کیس کی تفتیش میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔لرزہ خیز قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو قتل کرنے والے 3 مرکزی ملزمان کی شناخت ہوگئی ہے، جن میں لڑکی کا والد عرب گل، سسر محمد صالح عرف سلیم اور چچا مانی گل شامل ہیں۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تینوں ملزمان آپس میں بھائی ہیں اور انہوں نے مل کر مانی گل کے کمرے میں لڑکی کو تکیہ رکھ کر اور گلا دبا کر قتل کیا۔تفتیش میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ قتل کی یہ واردات جرگے کے فیصلے پر عملدرآمد کے طور پر کی گئی، جو ملزم عصمت اللہ کی بیٹھک میں اس کی سربراہی میں منعقد ہوا تھا۔ جرگے کے بعد برادری کی موجودگی میں مقتولہ کو ایک کمرے میں لے جا کر قتل کیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر قتل کے دوران استعمال ہونے والا تکیہ بھی برآمد کر لیا ہے، جب کہ بیڈ شیٹ اور غسل کے لیے استعمال کی گئی دیگر اشیا بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔اس سنگین جرم میں مجموعی طور پر 14 افراد، جن میں مرد و خواتین شامل ہیں، نے منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں حصہ لیا۔ ان میں سے 8 ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہو سکے، جب کہ تینوں مرکزی ملزمان پولیس کی تحویل میں ہیں اور ریمانڈ پر تفتیش جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلد دیگر ملوث افراد کو بھی گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور اس بہیمانہ قتل کے تمام پہلوؤں کو بے نقاب کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :