موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اقدامات وقت کی ضرورت ہے، وزیراعظم شہباز شریف

پیر 4 اگست 2025 17:02

موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے  چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اقدامات ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اقدامات کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہرسال موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی ہورہی ہے۔پیرکویہاں دورے کے دوران گلگت میں حالیہ بارشوں و سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں گلگت بلتستان میں مختلف مقامات پر بادل پھٹنے سے شدید تباہی ہوئی جس سے بابوسر، گانچھے، دیامر سمیت کئی علاقے شدید متاثر ہوئے۔

وزیراعظم نے حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کےلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ آج صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے وہ مواصلات ، آبی وسائل ، این ڈی ایم اے سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے وزراء اور حکام کے ساتھ یہاں آئے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پرکاربن گیسز کے اخراج میں ہمارا حصہ انتہائی کم ہے لیکن پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال سیلابوں سے تباہی آتی ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے ضروری اقدامات کریں ، دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالےسے بہت کانفرنسز ہوتی ہیں جن میں ہم بھی شرکت کرتے ہیں ، دنیا سے ریزیلئنٹ انفراسٹرکچر کے حوالے سے دنیا سے فنڈز لے کر آئیں کیونکہ گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر سمیت پورا ملک موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہورہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد دوبارہ گلگت بلتستان کا دورہ کریں گےجس میں گلگت بلتستان میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سولرپارک منصوبے کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے ہیں اس پر کام تیز کریں گے اور اس منصوبے کو اپنی ذاتی نگرانی میں مکمل کرائیں گے۔\932