سی سی پی میں مبینہ چینی کارٹل کیس کی سماعت مؤخر

پیر 4 اگست 2025 17:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی )نے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اور اس کی رکن شوگرملزکے خلاف مبینہ کارٹلائزیشن کیس کی سماعت موخر کردی ہے، تقریباً 70 سے زائد شوگرملزکے وکلا کی جانب سے التوا کی درخواستوں کے بعد سماعت موخر کی گئی ہے ۔سی سی پی کے مطابق مقدمہ کی سماعت کی نئی تاریخیں ستمبرمیں مقرر کی گئیں ہیں۔

قبل ازیں چینی کے شعبہ میں مبینہ کارٹل کے کیس کی سماعتیں 4 تا 7 اگست کے لیے مقرر کی گئی تھیں۔شوگرملزکے وکلاکی جانب سے جمع کرائی گئیں درخواستوں میں کہا گیا ہےکہ سپریم کورٹ کی گرمیوں کی تعطیلات کے باعث وکلا دستیاب نہیں ہیں۔ مزید ازاں پچاس سے زائد ملوں نے اپیلیٹ ٹربیونل کے کیس کی دوبارہ سماعت کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں بھی اپیلیں دائر کی ہیں۔

(جاری ہے)

اگرچہ کمیشن نے اپیلیٹ ٹربیونل کی ہدایات کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر سماعتیں مقرر کر رکھی تھیں تاہم شفافیت کے تقاضے پورے کرنے اور تمام فریقین کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دینے کی غرض سے سماعت کو ایک مرتبہ پھرملتوی کیا گیا ہے۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مقدمے کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے مزید تاخیر یا التوا نہیں دیا جائے گا۔ یہ کارروائی ان شوکاز نوٹسز سے متعلق ہے جو نومبر 2020 میں شوگر ملز ایسوی ایشن اور اس کی رکن ملزکو مبینہ کارٹلائزیشن کے الزام میں جاری کئے گئے تھے۔

حالیہ سماعت کے نوٹس 9 جولائی کو جاری کئے گئے تھے تاکہ اپیلیٹ ٹربیونل کے 21 مئی 2025 کے حکم پر عمل درآمد کیا جا سکے۔ ٹربیونل نے کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ یہ کیس دوبارہ ایسی رکن یا چیئرپرسن کے سامنے سنا جائے جو اصل بینچ کا حصہ نہ تھے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ 2021 میں کمیشن نے شوگر ملز ایسوی ایشن اور اس کی رکن ملزپر کارٹلائزیشن کے الزام میں 44 ارب روپے کا جرمانہ عائد کیا تھاتاہم ٹربیونل نے کمیشن کی اس وقت کی چیئرپرسن کے 2-2 کے برابر فیصلے میں کاسٹنگ ووٹ کے استعمال کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس دوبارہ سماعت کے لئے بھجوا دیا تھا۔