Live Updates

بالائی اور وسطی علاقوں میں 10اگست تک شدید بارشوں کے باعث سیلاب کا امکان،وارننگ جاری

دریائے چناب پر مرالہ،کھنکی اور قادرآباد کے علاقوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ، رپورٹ

پیر 4 اگست 2025 17:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی ) نے آئندہ ہفتے کیلئے ممکنہ موسمی صورتحال پر رپورٹ جاری کردی۔این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں5 تا 10 اگست شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دریائے چناب پر مرالہ،کھنکی اور قادرآباد کے علاقوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، دریائے جہلم پرمنگلاکے بالائی علاقوں میں درمیانے سیاونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

اس کے علاوہ دریائے کابل میں نوشہرہ پربہاؤ تیز ہونے کا امکان ہے اور سوات، پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔رپورٹ کے مطابق تربیلا، کالاباغ، چشمہ، تونسہ اورگڈو بیراج پر آئندہ دنوں میں بہاؤ درمیانے درجے تک پہنچنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور شگر کا بہاؤ بڑھنے کا خدشہ ہے ،جب کہ ہسپر، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے اور سالتورو ندی نالوں میں طغیانی متوقع ہے۔

(جاری ہے)

این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے اضلاع موسیٰ خیل، شیرانی، ژوب اور سبی کیندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے نتیجے میں تربیلاڈیم 90 فیصد اور منگلا ڈیم 60 فیصد بھرچکے ہیں۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات