ناوینا اسٹیل نیشنل جونیئر پیڈل چیمپئن شپ میں سندھ کی شاندار کارکردگی، تینوں کیٹیگریز کے ٹائٹل اپنے نام کرلیآ

پیر 4 اگست 2025 18:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء) ناوینا اسٹیل نیشنل جونیئر پیڈل چیمپئن شپ اپنے اختتام کو پہنچ گئی، جس میں سندھ کی ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں کیٹیگریز میں فائنل جیت کر چیمپئن شپ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔یہ ایونٹ پاکستان پیڈل فیڈریشن کے زیر اہتمام، پیڈل ایشیا، انٹرنیشنل پیڈل فیڈریشن، سندھ پیڈل ایسوسی ایشن اور میدان کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس کا اختتام ایکشن سے بھرپور فائنل مقابلوں کے ساتھ ہوا۔

انڈر 14 کیٹیگری کے فائنل میں سندھ ون اللہ والا اور سندھ شاہینز کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں سندھ ون اللہ والا نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 0-2 سے کامیابی حاصل کی اور ٹائٹل جیت لیا۔ انڈر 16 کیٹیگری کے فائنل میں سندھ این ایم ایکس نے سندھ سکس کو 0-2 سے شکست دے کر فائنل اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ کے سب سے اہم مقابلے، انڈر 18 کیٹیگری کے فائنل میں، سندھ لیجنڈ اور سندھ ٹی ٹی ایف کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں۔

دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، تاہم فیصلہ کن سیٹ میں سندھ لیجنڈ نے برتری حاصل کرتے ہوئے انڈر 18 چیمپئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی شیخ شکیل الیاس، سیکریٹری سندھ اولمپک احمد علی راجپوت، پاکستان پیڈل فیڈریشن کے صدرمحمد متین، چیف ایگزیکٹو مدثر آرائیں، ریحان الدین ڈائریکٹر رولز اور ناوینا اسٹیل کے نمائندگان نے خصوصی شرکت کی۔

چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 3 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خصوصی انعامات سے بھی نوازا گیا۔اس موقع پر سی ای او پاکستان پیڈل فیڈریشن، مدثر آرائیں نے اعلان کیا کہ اسپین میں ہونے والے جونیئر ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیڈل فیڈریشن آئندہ دنوں میں مزید ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد کرے گی، جن سے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنی صلاحیتیں اجاگر کر سکیں۔