بلوچستان پولیس نے دہشت گردوں کا بہادری اور جرات مندی سے مقابلہ کیا ،شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے ،آئی جی پولیس

منگل 5 اگست 2025 00:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) بلوچستان پولیس کٹھن حالات میں کام کر رہی ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس کے کئی بہادر افسران اور جوان شہید ہوئے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ ریاست کی جنگ ہے اور ہم سب مل کر اسے لڑیں گے حکومت اپنے شہداءکے مقدس لہو کا بدلہ لینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ہم ایک دن بھی اپنے شہداءکی قربانیوں کو نہیں بھولے ۔

ان خیالا ت کا اظہارمہمانِ خصوصی سابق آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے سینٹرل پولیس آفس کو ئٹہ میں یوم شہدائے پولیس بلوچستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ امن و استحکام خود بخود حاصل نہیں ہوتا ، اس کے پیچھے ان گمنام ہیروز کی قربانی ہوتی ہے جنہوں نے اپنا خون دے کر ہمیں جینے کا حق دیا ۔

(جاری ہے)

بلوچستان پولیس کے شہداءنے ہر قسم کے حالات میں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دشمن کا مقابلہ کیا۔میں ان شہداءکے خاندانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے بیٹے ، شوہر ، بھائی اور باپ کو وطن پر قربان ہوتے دیکھا مگر صبر اور فخر کے ساتھ سربلند رکھا ۔ ان کی عزت ، فلاح و بہبود ، تعلیم ، صحت اور روزگار کے تمام تر معاملات ہماری اولین ترجیح ہیں ہم ان خاندانوں کے ساتھ نہ صرف ہمدردی بلکہ عملی تعاون کے پختہ عزم کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداءکی قربانیوں پر فخر ہے کہ جنہوں نے ہمارے سکون کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے اور دہشت گردوں کا بہادری اور جرات مندی سے مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ شہداءکے خاندانوں کی کفالت کو یقینی بنائیں گے ۔