کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو آج بھی بھارتی ظلم، آبادیاتی تبدیلیوں اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں،وزیر تجارت جام کمال خان

منگل 5 اگست 2025 13:00

کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ  یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو آج بھی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ آج کے دن ہم بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بسنے والے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو آج بھی ظلم، آبادیاتی تبدیلیوں اور اپنے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات’’ جن کا مقصد کشمیر کی شناخت اور حیثیت کو تبدیل کرنا تھا‘‘ بین الاقوامی قانون اور انسانی ضمیر پر سیاہ دھبہ ہیں ،کشمیر صرف جغرافیے کا نہیں بلکہ انصاف کا مسئلہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور خوشحالی کا دارومدار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل سے جڑا ہے،یہ دن اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہم علاقائی ترقی، تجارت اور رابطوں کے فروغ کے لیے کوشاں ضرور ہیں لیکن کشمیری عوام کے حقوق اور وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔