ممولہ کی آبادی کے استحکام کیلئے پانی، خوراک اور گھونسلوں کا بندوبست ضروری ہے ، محکمہ جنگلی حیات

منگل 5 اگست 2025 13:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) سینئر وزیر مریم اورنگ زیب اور سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات وماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی خصوصی ہدایت پر پنجاب میں چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الہی کی قیادت میں جنگلی حیات کو بچانے کیلئے عوام میں ان معصوم جنگلی پرندوں کی بقا و تحفظ کے پیش نظر بھر پور آگاہی مہم چلائی جارہی ہے تاکہ عوام کے دلوں میں ا ن پرندوں کیلئے محبت پیدا کرکے احساس تحفظ اجاگر کیاجائے اور اسی تناظر میں معصوم جنگلی پرندے ممولے کا تعارف،دلچسپ حقائق،ماحولیاتی اہمیت اور پاکستان میں اس کی آبادی کو لاحق خطرات کی بابت عوام کو بذریعہ پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا معلومات پہنچائی جارہی ہیں ۔

ممولا جو بظاہر ایک چھوٹا سا معصوم پرندہ ہے تاہم اللہ تعالی نے اسے بڑی صفات سے نوازا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ پرندہ یوں تو انسانی بستیوں ، گھروں ، کھیتوں ، بازاروں اور شہروں میں عام پایا جاتا ہے،یہ صدیوں سے انسانوں کے ساتھ رہتا آرہا ہے اور اکثر انسانوں کے گھروں میں گھونسلے بناتا ہے،یہ پرندہ بیج ، دانے ،کیڑ ے مکوڑے اور انسانوںکا بچا ہوا اناج کھاتا ہے ۔

اسے کسان دوست پرندہ بھی کہا جاتاہے،بنیادی طور پر ممولا دانہ خور ہے اور پھولوں پھلوں کے رس چوس کر بھی پولی نیشن زرخیزی میں معاون ہے تاہم شہری آبادیوں کے بے ہنگم پھیلائو ،موبائل ٹاورز سے نکلنے والی شعاعوں اور کیڑے مار ادویات کے بے جا استعمال کی بدولت بھی اس کی آبادی کو خطرہ ہے نیز شہروں میں حوس و طمع کے پیش نظر اسے صدقہ و خیرات کی آڑھ میں آزاد کئے جانے کی بدولت بہت نقصان پہنچ رہا ہے کیونکہ بند پنجروں میں قید یہ معصوم پرندہ زیادہ دیر تک زندہ نہیں رہ سکتا۔

حکومت نے اسے وائلڈلائف ایکٹ کے جدول سوئم میں شامل کررکھا ہے،جسے سارا سال تحفظ حاصل ہے،لہذاہمیں چاہیے کہ ہم اس معصوم پرندے کی خوراک ، پانی اور جہا ں تک ممکن ہوسکے،گھونسلوں کی تنصیب کا بندوبست کیا جائے تاکہ یہ پرندہ زیادہ تر قدرتی ماحول میں فروغ پاسکے ۔