جنوبی کوریا کے زرمبادلہ کے ذخائر 411 ارب ڈالر ہو گئے

منگل 5 اگست 2025 16:19

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) جنوبی کوریا کے زرمبادلہ کے ذخائر میں رواں سال جولائی میں مسلسل دوسرے ماہ بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ بہتر سرمایہ کاری منافع اور غیر ملکی زرمبادلہ کے استحکام کیلئے نئے بانڈز کے اجرا کو قرار دیا گیا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی’’وام‘‘ کے مطابق یہ بات مرکزی بینک نے منگل کو اپنے ایک بیان میں بتائی۔

(جاری ہے)

بینک آف کوریا کے مطابق جولائی کے اختتام پر ملک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 411.33 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئے جو جون کے مقابلے میں 1.13 ارب ڈالر زیادہ ہیں۔یہ مسلسل دوسرا مہینہ ہے جس میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو کہ جون میں تقریباً پانچ سال کی کم ترین سطح سے بحال ہونا شروع ہوئے۔واضح رہے کہ جنوبی کوریا کا کل رقبہ ایک لاکھ مربع کلومیٹر سے کم اور آبادی پانچ کروڑ سے کچھ ہی زیادہ ہے۔