پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے،وائس چانسلرزرعی یونیورسٹی فیصل آباد

منگل 5 اگست 2025 16:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ کشمیری بہن بھائیوں کو جس جبرواستبدار اور بربریت کا سامنا ہے اس کے خلاف پوری پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے آفس آف سینئر ٹیوٹر کے زیراہتمام یوم استحصال کشمیر کے موقع پر یکجہتی تقریبات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے 5اگست 2019 کو جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی، عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کا سلسلہ ختم کر ے ۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنے محصور کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس دن کے حوالے سے ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ریلی کا اہتمام یونیورسٹی کے کلاک ٹاور پر کیا گیا تھا ۔ شرکا نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی امنگوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ اس موقع پر تمام ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران، رجسٹرار، ٹریژرر اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کے خاتمے کے لئے پاکستانی قوم ہر سطح پر آواز بلند کرے۔