یوم استحصال کشمیر کے موقع پرسینٹرل پولیس آفس کراچی میں تقریب کا انعقاد

منگل 5 اگست 2025 18:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)یوم استحصال کشمیر کے موقع پرسینٹرل پولیس آفس کراچی میں تقریب کا انعقادکیاگیا۔تقریب میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن سمیت ایڈیشنل آئی جیز،ڈی آئی جیز،اے آئی جیز اور دیگر پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔تقریب میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہاکہ اس دن کو منانے کا مقصد اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔کشمیری بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کے لئے آج کا یہ دن منایا جارہا ہے۔ہم ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہماری پاک فوج کئی محاذوں پر دشمن سے نبردآزما ہے۔ہم ہر محاذ پر دشمن کو شکست دیں گے۔ پولیس ملک کی اندرونی سیکیورٹی اور دفاع کی ذمہ دار ہے۔ آئی جی سندھ نے کہاکہ آپ لوگوں کی محنت سے کچہ کے علاقوں اور شہروں میں امن ہے۔گذشتہ روز ہم نے اپنے شہیدوں کو بھرپور انداز میں یاد کیا اور خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب میں کشمیری بھائیوں کے لئے دعا بھی کی گئی۔