فیصل آباد آرٹس کونسل کے زیر اہتمام یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر تصویری نمائش کا انعقاد

منگل 5 اگست 2025 22:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن کے زیرِ اہتمام5 اگست یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر تصویری نمائش میں بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر کی عوام پر ہونے والے مظالم کی تصویری جھلکیاں پیش کی گئیں۔5 اگست 2019ء کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی سپیشل حیثیت ختم کر کے ان کا استحصال شروع کر دیا اور بھارتی افواج نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کی ایک نئی داستان شروع کر دی۔

(جاری ہے)

پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد میں منعقدہ نمائش میں بھارتی افواج کے مظالم کو اجاگر کیا گیا اور نئی نسل کو بھارتی مظالم کے بارے آگاہی فراہم کی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ کشمیر کی عوام کا استحصال بند کیا جائے ، آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ تصویری نمائش میں عورتوں، بچوں اور بزرگوں پر ہونے والے مظالم کو دیکھایا گیا ۔اس موقع پراسسٹنٹ ڈائریکٹر پروگرام پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد اسد حیات،اسسٹنٹ ایڈمن آفیسر اقراء سونم،آرٹسٹوں، سماجی شخصیات اور دیگر شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔