نظامت امور نوجوانان کے تحت یومِ استحصالِ کشمیر عقیدت و احترام سے منایا گیا

منگل 5 اگست 2025 20:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)نظامتِ امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام 5 اگست 2025ء کو یومِ استحصالِ کشمیر نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔اس حوالے سے نظامت کے ہیڈ آفس سمیت ضلعی یوتھ دفاتر کے زیر اہتمام مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا جبکہ واک اور ریلیز بھی منعقد ہوئیں۔اس دن کے منانیکا مقصد بھارتی حکومت کی جانب سے 5 اگست 2019ء کو آرٹیکل 370 کی یکطرفہ اور غیرقانونی منسوخی کے چھ سال مکمل ہونے پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا تھا۔

اس اقدام کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی آئینی حیثیت ختم کر دی گئی تھی۔نظامت کے زیراہتمام منعقدہ تقریب کا آغاز کشمیری شہداء اور مظلوم عوام کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی سے ہوا۔

(جاری ہے)

بعدازاں، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز ڈاکٹر نعمان مجاہد نے مختصر مگر جامع خطاب میں مسئلہ کشمیر کے تاریخی، قانونی اور انسانی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی، بھارتی ظلم و بربریت اور نوجوانوں میں اس مسئلے سے متعلق شعور بیدار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر یکجہتی ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں شرکاء نے کشمیری عوام کے حق میں اور بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ وادی میں جاری مظالم کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ڈائریکٹر یوتھ افیئرز ڈاکٹر نعمان مجاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر قومی و بین الاقوامی فورم پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بنتے رہیں گے۔پروگرام کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔