Live Updates

سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی عمران خان کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی کے احتجاج پر پولیس گردی اورگرفتاریوں کی مذمت

حکومت نے اختلاف رائے کے بنیادی جمہوری حق کو دبانے کے لیے جو ریاستی جبر اور فسطائیت کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ شرم اور ناقابلِ قبول ہے،زین شاہ

منگل 5 اگست 2025 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اورکنوینر دریائے سندھ بچا تحریک سید زین شاہ نے عمران خان کی رہائی کے لئیے سندھ بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے پرامن احتجاج پر پولیس گردی، لاٹھی چارج، شیلنگ، اور درجنوں مقامات پر گرفتاریوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے جاری مذمتی بیان میں سید زین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے اختلاف رائے کے بنیادی جمہوری حق کو دبانے کے لیے جو ریاستی جبر اور فسطائیت کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ شرم اور ناقابلِ قبول ہے۔

پچاس سے زائد شہروں میں عوامی احتجاج کو طاقت کے زور پر کچلنے کی کوشش کی گئی، خواتین سمیت سینکڑوں کارکنوں پر شیلنگ اور تشدد کیا گیا، جبکہ دو سو سے زائد افراد کو بلاجواز گرفتار کر کے نامعلوم مقامات پر منتقل کیا گیا، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی ہر قسم کے ریاستی جبر، ماورائے آئین اقدامات اور جمہوری آزادیوں کی پامالی کے خلاف ہے، سید زین شاہ نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے، سیاسی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے بند کیے جائیں، اور سندھ پولیس کو سیاسی انتقام کا آلہ کار بننے سے روکا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سندھ میں فسطائیت کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، اور اگر ریاستی جبر کا یہی سلسلہ جاری رہا تو سندھ کے عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات