یوم استحصال کشمیر کے موقع پر چمن میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد

منگل 5 اگست 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ چمن کی جانب سے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر آفس سے نکالی گئی ریلی چمن شہر کے مین بازاروں سے ہوتی ہوئی واپس ڈی سی آفس چمن پر اختتام پذیر ہوئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فدا بلوچ کی سربراہی میں نکالی گئی ریلی میں ضلعی انتظامیہ طلباء علماء کرام ہندو اور عیسائی برادری کے علاوہ قبائلی وسیاسی عمائدین اور عوام بڑی تعداد میں شریک تھے ، ریلی کے شرکانے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ،ریلی کے شرکاء نے ہر فورم پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے تھے جس پر انڈیا کیخلاف اور کشمیری حق خودارادیت کے حق میں نعرے درج تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی چمن فدا بلوچ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن تاریخ کا وہ سیا دن ہے جس دن بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پامال کئے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت ایک قوم کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت اور تحریکِ آزادی کو سلام پیش کیا ۔ اس موقع پر چمن لیویز و پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے تھے۔