ضلعی سطح پر آسٹروٹرف ہاکی گراؤنڈ کی حافظ آباد میں سہولیات میسر نہ ہونے نوجوان ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے،ریاض احمد مغل

بدھ 6 اگست 2025 17:32

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)نیشنل ہاکی کلب حافظ آباد کے صدر، ریاض احمد مغل نے کہا ہے کہ حافظ آباد میں ضلعی سطح پر آسٹروٹرف ہاکی گراؤنڈ کی سہولیات میسر نہ ہونے سے نوجوان ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے اور پنجاب حکومت اسٹروک لگانے کے لئے فوری اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حافظ آباد میں ضلعی سطح پر ہاکی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو ابھارنے اور بروئے کار لانے کے لئے کھلاڑیوں کو سہولیات کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ریاض مغل نے کہاکہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور اس قومی کھیل میں پاکستان نے دنیا میں کئی دہائیوں تک حکمرانی کر رکھی ہے اور ہاکی کے تمام بڑے بڑے اعزازات پاکستان کے پاس تھے۔

(جاری ہے)

جن میں اولمپک، عالمی کپ، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز کے ٹائٹل شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہمارے ضلع سے بھی ہاکی کے کھلاڑی قومی ٹیموں میں اپنی جگہ بنائیں اور ضلع حافظ آباد میں گراس روٹ سطح پر ہاکی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن کھلاڑیوں کو ضلعی سطح پر آسٹروٹرف کی دور کی بات گراسی گروانڈ کی سہولت بھی موجود نہیں ہے، ریاض مغل نے کہا کہ ضلع حافظ آباد میں ہاکی کے ٹیلنٹ کا اس بات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ علی حنظلہ نگینہ نامی کھلاڑی جس کا تعلق ہمارے نیشنل ہاکی کلب حافظ آباد سے ہے۔

کی انڈر-18 قومی ہاکی ٹیم میں سلیکشن ہوچکی ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے اپیل کی ہے کہ حکومت نوجوان نسل کو معاشرتی برائیوں اور منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے زیادہ سے زیادہ تفریحی مواقعے فراہم کرنے کے ساتھ، ساتھ کھیلوں کے میدان تعمیر کروائے۔